جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر آج مورخہ 10 اپریل 2015ء کو جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں مشرق وسطی یمن تنازعہ اورپاکستان کو درپیش مسائل پرغور و فکر اور امت مسلمہ کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ’’علمائے اسلام کانفرنس‘‘ کا انعقاد گیا ۔ اسلام آباد میں منعقدہ علمائے اسلام کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت اور خطاب کیا – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیرصدارت منعقدہ علمائے اسلام کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا – کانفرنس کی نظامت کے فرائض ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نے انجام دیئے۔ کانفرنس سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدرڈاکٹرابوالخیر زبیر، حضرت آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی، حضرت آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی، جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی راہنما سینیٹر مولانا عطاء الرحمن ، اسد اللہ بھٹو، پیر محفوظ مشہدی، علامہ افتخارحسین نقوی ،ڈاکٹرعابد روف اورکزئی، مفتی گلزار احمد نعیمی، علامہ محمد امین شہیدی، علامہ عبدالجلیل نقشبندی، مولانا جاوید اکبر ساقی اوردیگراہم مذہبی و سیاسی قائدین نے خطاب کیا۔ مقررین نے مسلمانوں میں اتحاد و حدت کی اہمیت نیز اس سلسلے میں پاکستانی علماء کے کردار پر زور دیا اورکہا کہ امت اسلامی کے مسائل کا حل اتحاد امت میں مضمر ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پراسلامی تحریک / شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے بارہ نکاتی مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا-