قائد ملت جعفریہ پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر پورے ملک کی طرح راولپنڈی میں بھی شیعہ علماءکونسل ، جعفریہ یوتھ اور جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام ایک احتجاجی ریلی برآمد کی گئی جو پریس کلب سے شروع ہو کر لیاقت باغ مری روڈ پر ختم ہوئی. ریلی کی قیادت علامہ جعفر نقوی ، سید اظہار بخاری ، علامہ قاسم جعفری ، علامہ سجاد ہمدانی، سید نزاکت نقوی ، برادر شجاع کاظمی برادر علی میثم نے کی.

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے قبلہ اول پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاءکردی،ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے۔
علماءکرام و مقررین نے کہا کہ او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں،

مقررین نے کہا کہ یوم القدس فلسطینی مظلوموں کی حمایت کا دن ہے، ہم اپنے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کا دائرہ کار بڑھا کر کشمیر و فلسطین کمیٹی بنائی جائے اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا .
ریلی میں کہا گیاکہ ہم عالمی یوم القدس کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے کروڑوں پاکستانی عوام کے ملک کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے کئے گئے احتجاج کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتےہیں
۔ہم قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتے ہیں اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں.
آخر میں اس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔