تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ کے اعلان پرحکومت بلوچستان گھٹنے ٹیکنے پرمجبور، زائرین کی 20 بسوں پرمشتمل قافلے کو باقاعدہ طور پر این او سی جاری کردی گئی ، یہ بسیں بروز منگل کوئٹہ سے بذریعہ تفتان روانہ ہوں گی

 جعفریہ پریس – حکومت بلوچستان نے زائرین کی 20 بسوں پر مشتمل قافلے کو باقاعدہ طور پر این او سی جاری کر دی ، یہ بسیں بروز منگل کوئٹہ سے بذریعہ تفتان روانہ ہوں گی – تفصیلات کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہدا سانحہ کیرانی روڈ کوئٹہ کی برسی اور جھنگ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےحکومت کو متنبہ کیا تھا کہ حکمران فوری طور پر زیارتی راستہ کھلوائیں بصورت دیگر ملت تشیع پاکستان زیارات پرجانے کیلئے خود راستہ کھولے گی – قائد ملت جعفریہ  کے اس اعلان پرجہاں انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی وہاں زائرین میں خوشی کی لہردوڑ اٹھی اوراس اعلان کے ساتھ  مختلف زائرین اور کاروانوں نے تیاری شروع کردی – اس طرح حکومت بلوچستان مجبورہوئی اور آج باقاعدہ طور 20 بسوں پر مشتمل زائرین کے قافلے کو این او سی جاری کر دی ۔ اطلاعات کے مطابق زائرین کی یہ بسیں کل منگل صبح مستونگ کے علاقے سے سخت سکیورٹی حصار میں ایران کی جانب روانہ ہونگی۔
واضح رہے کہ جنوری میں بلوچستان کےعلاقے مستونگ میں زائرین پر ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد ایران جانے والی زائرین کی بسوں کیلئے زمینی راستہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ جس سے  ایران جانے والے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ جس پر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے گذشتہ دنوں شہدا سانحہ کیرانی روڈ کوئٹہ کی برسی اور جھنگ میں اعلان کیا کہ میرے (یعنی میرے شیعہ عوام کے) لئے زیارات کا راستہ کھولا جائے ورنہ حکمران اپنے محلوں میں نہیں رہ سکیں گے جس پر حکومت بلوچستان نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا کہ مستونگ کے راستے سے ایران جانے والے زائرین کیلئے زمینی راستہ کھول دیا گیا ہے اور آج بلوچستان حکومت کی جانب سے زائرین کی 20 بسوں پر مشتمل قافلے کو باقاعدہ این او سی جاری کر دی گئی ہے۔