جعفریہ پریس – کل روالپنڈی میں جلائی جانے والی ٹائراں والی امام بارگاہ کا قائد ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تفصیلی دورۂ کیا اور متاثرہ امام بارگاہ کے نقصانات کا قریب سے جائزہ لیا – اس موقع پر قائد ملّت جعفریہ کو امام بارگاہ کی جلی ہوئی مقدس تبرکات اورقرآن پاک کا نسخہ دکھایا گیا-
جعفریہ پریس کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق قائد ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی متاثرہ امام بارگاہ آمد پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے تاہم سخت سکیورٹی کے باوجود قائد ملت جعفریہ پاکستان راجہ بازارسے ملحقہ متاثرہ امام بارگاہ تک پیدل چلتے رہے-اس موقع پر مقامی علماء کرام ،سماجی و مذہبی شخصیات اورامام بارگاھ کے متولیان بھی اپنے محبوب قائد کے ہمراہ تھے –
جعفریہ پریس کے نمائندے کے مطابق قائد ملت جعفریہ نے متاثرہ امام بارگاہ دورہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا – قائد ملت جعفریہ پاکستان نے متولی امام بارگاھ صادق حسین کی شہادت اور امام بارگاھ کو نظر آتش کئے جانے پر سخت الفاظ میں مذمت اورافسوس کا اظہارکیا –
قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا کہ تکفیری دہشتگرد گروہ محرم الحرام سے پہلے راولپنڈی میں انارکی اور فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں اور ہم نے ماضی میں بھی اتحاد و وحدت سے اس سازش کو ناکام کیا تھا اوراب بھی اسے ناکام کرنے کی طاقت رکھتے ہیں –
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدرنے کہا کہ کل کا واقعہ جس کوفرقہ واریت کا رنگ دیا جا رہا ہے یہ فتنہ پرور افراد کا باہمی چپقلش کا شاخسانہ تھا اسے بہانہ بنا کر امام بارگاہ ، قرآن اور دیگرمقدسات کو جلانا اور توہین کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے قانون شکنی کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں کسا جائے ، واقعہ میں بے گناہ شہید ہونے والے صادق کے قاتلوں کو فوری گرفتارکیا جائے اورنقصان کا ازالہ فوری طور پرکیا جائے ، اب صبر کا پیمانہ لبریزہوتا جا رہا ہے ایسا نہ ہوکہ ہمارے نوجوان بھی قانوں کو ہاتھ میں لینے پرمجبورہوجائیں اگر ایسا ہوا تومشکل ہوجائے گی. میں پنجاب حکومت کو بھی متوجہ کرتا ہوں وہ پہلے ہی مشکلات کا شکارہے مزید اپنے لیئے مشکلات پیدا نہ کرے- ملی یکجہتی کونسل پاکستان و قائد ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی پریس کانفرنس کے موقع پراہلسنت علماء اور تاجربرادری کے افراد بھی موجود تھے-