کراچی ؍07 اپریل2018ء: متحدہ مجلس عمل صوبہ سندھ کی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سکریٹری جنرل و ڈپٹی سکریٹری متحدہ مجلس عمل علامہ عارف حسین واحدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس عمل کی بحالی کا زبردست خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ مجلس عمل کے پیش نظر وسیع مقاصد ہیں۔ مجلس عمل ملک کے اسلامی اور نظریاتی تشخص کی حفاظت، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ مجلس عمل کے سامنے بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی سازشیں بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عمل میں شامل تمام جماعتیں ملک میں نظام اور قیادت کی تبدیلی کے لئے آئینی و قانونی اور جمہوری اور پارلیمانی جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں اور اسی راستے کو درست تسلیم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر انتخابات کا انعقاد آئینی مدت کے اندر ہونا ضروری ہے۔ ماورائے آئین کوئی بھی اقدام قومی سلامتی کے لئے خطرناک ہو گا۔علامہ عارف واحدی نے اجلاس میں شامل تمام جماعتوں کے اراکین کا شکریہ ادا کیا انہوں نے نو منتخب صدر سندھ مولانا راشد سومرو و مولانا ناظرع عباس تقوی جنرل سکریٹری کو بھی مبارک باد دی اور خواہش کی کہ متحدہ مجلس عمل سندھ بھرپور انداز میں کام کریگی.اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء مولانا عبد الغفور حیدری ،اسلامی تحریک کے مرکزی رہنماء علامہ عارف حسین واحدی ،جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا عبد المجید اسماعیل نورانی ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مولانا محمد یوسف قصوری نے خصوصی طور پر شر کت کی ۔اجلاس میں تمام جماعتوں کی جانب سے چار چار نمائندوں کی نامزدگی کے بعد صوبائی کونسل تشکیل دی گئی ۔یہ کونسل مجلس عمل کے صوبائی عہدیداران کا انتخاب کرے گی۔ صوبائی کونسل میں جماعت اسلامی کی جانب سے ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، محمد حسین محنتی، ممتاز حسین سہتو اور حافظ نعیم الرحمن، جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے محمد اسلم غوری، مولانا راشد محمود سومرو، قاری محمد عثمان اور عبد القیوم ہالجوی، جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے مفتی ابراہیم قادری، محمد حلیم خان غوری، مشرف محمد قادری، محمد مستقیم نورانی، اسلامی تحریک پاکستان کی جانب سے علامہ جعفر علی سبحانی، ناظر عباس تقوی، علامہ ریاض الحسن حسینی، علامہ اسد اقبال زیدی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کی جانب سے مفتی محمد یوسف قصوری، مولانا محمد رفیق سلفی اور محمد ابراہیم طارق کونامزد کیا گیا ہے