جعفریہ پریس جے ایس او پاکستان کے مرکزی صدر وفا عباس اپنے دورہ راولپنڈی کے دوران ڈویژنل صدر راولپنڈی برادر ارسلان حیدر کے گھر پہنچے تو وہاں نوجوان اپنے محبوب میر کاروان کے استقبال کے لیے پہلے ہی سے موجود تھے۔ نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہماری تعلیم ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محر م الحرام میں پورے پاکستان میں مجالس کا سلسلہ جاری و ساری ہے اور نواسہ رسول کو پرسہ دیا جا رہا ہے۔ اس صورت حال میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور مجالس اور جلوسوں کے اردگرد کڑی نظر رکھیں ۔ شر پسند عناصر پوری طرح کوشش کریں گے کہ کسی طرح امن و امان کی صورت کو خراب کر کے ملک میں ہنگامی کیفیت کو پیدا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی پہلے سے ہی ایک حساس علاقہ ہے ۔ گزشتہ سال کی طرح اس دفعہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کا رول انتہائی اہم ہو گا۔ انتظامیہ کو ہر وقت چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ ملک پاکستان اب مزید دہشت گردی اور افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔