مرحوم رفسنجانی کی رحلت سے ایران سمیت عالم اسلام ایک بہترین رہنما سے محروم ہوگیا ، شیعہ علماء کونسل پاکستان
سابق صدر نے پاک ایران بھائی چارگی، باہمی تعلقات میں بہترین اور تاریخی کردار ادا کیا،انکے انتقال پر عالم اسلام، رہبرنقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای ، مراجع عظام سمیت علماء و لواحقین سے تعزیت کرتے ہیں، علامہ عارف واحدی کی ایرانی سفارتخانہ میں تعزیتی کلمات
اسلام آباد13جنوری 2017 ء (اسٹاف )شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے سابق ایرانی صدر آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نہ صرف ایرانی قوم بلکہ پورا عالم اسلام ایک بہترین رہنما سے محروم ہوگیا بلکہ پاکستان بھی ایک شفیق دوست سے محروم ہوگیا، مرحوم رفسنجانی کی امت مسلمہ بالخصوص پاک ایران بھائی چارگی کے حوالے سے بے شمار خدمات ہیں جنہیں تادیر یاد رکھا جائیگا۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ سابق ایرانی صدر آیت ال۔۔ ہاشمی رفسنجانی کی تعزیت کیلئے ایرانی سفارتخانے گئے ۔ ایرانی سفارتکاروں سے تعزیت کے دوران ان کا کہنا تھا کہ شہر ہ آفاق عالمی شخصیت، مفسر قرآن ،نابغہ روزگار دانشور،اسلام کے بہترین مفکر، سکالر، محقق ، انقلاب اسلامی کے مضبوط ستون، سابقہ ایرانی صدر و سپیکراور قومی مفادات کونسل کے سربراہ حضرت آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت انتہائی غمگین و افسوسناک ہے ، ان کی رحلت سے ایران سمیت پورے عالم اسلام میں سوگ کی کیفیت ہے ۔ ان کی رحلت پر رہبر انقلاب اسلامی ، مراجع عظام اور لواحقین کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔
علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ سابق ایرانی صدر صرف ایرانی قوم کیلئے ہی ایک رہنما نہیں تھے بلکہ ان کی عالم اسلام اور اتحاد امت کیلئے بے شمار خدمات ہیں ان کی رحلت سے ایرانی قوم سمیت پورا عالم اسلام سوگ میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے پاک ایران تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات اور ان میں مزید پختگی و بھائی چارگی کیلئے جو کردار مرحوم صدر نے ادا کیا وہ بھی ناقابل فراموش ہے پاکستان بھی اپنے ایک بہترین دوست سے محروم ہوگیاہے ۔امید پاکستان اور ایران کے درمیاں جو تاریخی دوستی اور ہمسائیگی کا مضبوط رشتہ ہے دونوں ممالک اس کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے مرحوم ہاشمی رفسنجانی کی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔