جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان چینی صدر کی پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتی ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان سے باہمی تعاون کا نیا دور شروع ہوگا۔ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی مثالی ہے اور پاک چین اقتصادی راہ داری منصوبے پورے خطے کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہونگے۔
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغازہوگا۔ جس سے پاکستان اور پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی۔ چین نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ پاک چین دوستی کے پیش نظرچین کا پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے۔ اور پاکستانی عوام ہمیشہ چین کو اپنا مخلص، وفاداراور پکا دوست سمجھتے ہیں۔ چینی صدر کے دورے سے پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔ دونوں ملکوں کی لازوال اور بینظیر دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمند ر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے پاک چین دوستی دو ایسے ہمسائیوں کی قربت ،چاہت اور پیما ں وفا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی ۔
علامہ عارف حسین واحدی نے مزید کہا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا بھی ویژن ہے کہ پاک چین دوستی جتنی زیادہ مضبوط ہوگی اتنا ہی خطہ کے استحکام، ترقی اور امن و سلامتی کا سبب بنے گی۔ چینی صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورے سے پاک چین دوستی اب قراقرم کی سنگلاخ چٹانوں سے نکل کر گوادرکے ساحلوں کو چھوئے گی۔ ہم اُمید رکھتے ہیں کہ دونوں ملکوں میں 1951ء سے شروع ہونیوالی پاک چین دوستی 64 برسوں پر محیط ہے ۔اور یہ سلسلسہ جاری و ساری رہتے ہوئے دوستی کی بلندیوں تک پہنچے گا۔