تازه خبریں

ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کے خاتمہ تک امن ممکن نہیں ،علامہ عارف واحدی

ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کے خاتمہ تک امن ممکن نہیں ،علامہ عارف واحدی
قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کا رکردگی کو سراہتی ہے لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے ،مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل
نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کے بعد بھی اس قسم کے واقعات کا رونما حیران کن اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ؟
راولپنڈی /اسلام آباد 2ستمبر 2016ء ( ) شیعہ علماء کو نسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا پشاور میں ورسک ڈیم سے ملحق کرسچن کالونی اور مردان میں ضلع کچہری پر ہونے والے بم حملوں و دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت اوران واقعات پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں استحکام کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستانی عوام کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرکے تحفظ فراہم کیا جائے ۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ سرحد کے دوسری طرف کے حالات کا براہ راست پاکستان پراثر پڑتا ہے لیکن سوال یہ ہے ملک کی موجودہ حالات کے ذمہ دار کون ہیں ؟ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن اس وقت تک قائم نہیں ہو گا جب تک دہشتگردی کی جڑیں نہ ختم کی جائیں شاخوں اور پتے جھاڑنے سے مثبت نتائج برآمد نہیں ہو سکیں گے ۔ قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کا رکردگی کو سراہتی ہے لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے حکومت ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت کسیاتھ کام کر رہے ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب کے بعد بھی اس قسم کے واقعات کا رونما حیران کن اور اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ؟علامہ عارف واحدی نے کہاکہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور دہشتگردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرارواقعی سزادی جائے ۔ آخر میں انہوں نے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گااور شہداء کی قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارا بنے گا۔