جعفریہ پریس- ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر اور قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں جمعہ المبارک کو تازہ اسرائیلی جارحیت اور فضائی حملوں کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا -نماز جمعہ اجتماعات میں اسرائیلی وحشت و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ خاص طور پراسلامی سربراہی کانفرنس (او آئی سی ) پر زور دیا گیا کہ وہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کوجارحیت سے باز رکھے –
نماز جمعہ اجتماعات میں آئمہ جمہ و جماعات ، ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں ،دینی وسیاسی قائدین اور طلبہ تنظیموں نمائندوں نے اپنے خطابات میں کہا کہ پہلے ہی قبلہ اول صہیونی انتہا پسند ریاست کے نا جائز قبضہ پر امت مسلمہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے رنجیدہ ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اس غیر قانونی ریاست کونا پسندیدگی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی- ماہ مبارک رمضان میں تازہ اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں بچوں ، بوڑھوں اور عورتوں سمیت سینکڑوں معصوم اوربے گناہ فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام نہ صرف انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے بلکہ انسانی حقوق کی کھولی خلاف ورزی ہے جس پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیوں کی خاموشی بھی قابل افسوس ہے- دہشت گردی کے بہانے عالمی طاقتوں کا امت مسلمہ پر دباؤ اور تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی لہذا عالمی یوم القدس کے موقع پر فلسطینی اور لبنانی عوام اور ان کی مذاحمتی تحریکوں سے اظہار یکجہتی اور دنیا بھرمیں مظلوم و محروم عوام کے ساتھ اظہارہمدردی کرنا امت مسلمہ کا فرض عینی ہے اور اسلامیان پاکستان بھی اس فریضے سے غافل نہیں-