منشیات و سمگلنگ کے باعث معاشرے تباہ ہورہے ہیں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
حالیہ مہنگائی نے چھوٹے کاروباری افرادکابزنس تو کجا ان کا گزربسر مشکل کردیا،قائد ملت جعفریہ
حضرت عبدالمطلب ؑ ایک ممتاز حیثیت کی حامل شخصیت اور آپ کی زندگی کے سنہری وزریںواقعات رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں
راولپنڈی / اسلام آباد29جون 2022 ء( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں منشیات ، وسمگلنگ کے باعث معاشرے تباہ ہورہے ہیں، سمگلنگ نہ صرف گھناﺅناجرم بلکہ بہت سی خرابیوں کی جڑ ہے جس کے اثرات ریاستوں کو براہ راست اور عوام کو بلواسطہ بھگتنا پڑتاہے، موجودہ مہنگائی نے چھوٹے کاروباری افراد کےلئے بزنس تو کجا گزر بسر انتہائی مشکل کردی ہے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے منشیات، سمگلنگ ، تشدد کے متاثرین بارے عالمی ایام پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی جانب سے معاشروں کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہی اور ان کے حل بارے ایام مختص کئے ہیں جو مستحسن اقدام ضرور ہے مگر اس حوالے سے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ منشیات اور سمگلنگ دونوں ایسے عوامل ہیں جو نہ صرف آپس میں باہم ملے ہوئے بلکہ اس کے معاشرے پر براہ راست مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں اور یہ دونوں گھناﺅنے جرائم اس وقت انڈر ورلڈ کے نام سے ایک بزنس کی سی حیثیت اختیار نہ صرف کرچکے ہیں بلکہ اس نے براہ راست ریاستوں، عوام پر اس کے برے اثرات چھوڑے ہیں، مہنگائی، چھوٹے کاروبار ی افراد کو جہاں دیگر عوامل کے باعث مسائل ہیں وہیں سمگلنگ کے باعث بھی کئی چھوٹے بزنس مینوں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال ایک ٹرینڈ کے طورپر ابھرتا جارہاہے جس بارے کئی رپورٹس شائع ہوئیں مگر اس جانب آج تک سنجیدہ طور پر غور نہیں کیاگیا کہ کس طر ح نئی نسل کو تحفظ فراہم کیا جائے، منشیات ، نشہ بارے شرعی و معاشرتی لحاظ سے کئی قدغنیں ہیں مگر چھوٹے چھوٹے معمولی فوائد کی خاطراس سے روگردانی کی جارہی ہے ۔ انہوںنے سمال بزنس بارے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی نے جہاں ایک عام آدمی اور مزدور کو متاثر کیا ہے وہیں لوئر مڈل کلاس طبقے سے تعلق رکھنے والے سمال بزنس مین یا دکاندار کو بزنس تو کجا گزر بسر تک انتہائی مشکل ہوچکاہے ، مختلف حکومتیں بجٹ پیش کریں یا پھر پالیسی بیانات دیں عوام اور سمال انڈسٹریز کا تذکرہ ضرور کرتی مگر آج تک عملاً انہیں ریلیف فراہم نہیں کیاگیا۔آخر میں قائد ملت جعفریہ پاکستان نے حضوراکرم کے جد امجد حضرت عبدالمطلب ؑکے یوم رحلت پر اپنے پیغام میں کہاکہ، حضرت عبدالمطلب ؑ قریش مکہ میں ایک ممتاز حیثیت کی حامل شخصیت تھی۔آپ کے القابات سید البطحائ، ساقی الحجیج ، ساقی الغیث مشہور تھے ،تاریخ یعقوبی میں مرقوم ہے کہ آپ قریش کے سرور و سردار تھے ان کا کوئی ہم پلہ نہیں تھا کیونکہ جو عظمت و کرامت مالک کائنات نے انہیں عطا کیا تھا کسی اور کے عطانہ کی تھی ۔ دین اور مقامی روایات کے مطابق مکہ پر ابرھہ کا واقعہ جو اصحاب فیل کے حملے سے مشہور ہے آپ کے زمانے میں رونما ہوا ۔آپ کی زندگی میں توحید پرستی اور خدا وند متعال پر پختہ یقین کی بہت زیادہ مثالیں ملتی ہیں آپ کی زندگی کے سنہری وزریںواقعات رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں ۔