تازه خبریں

مولانا محمد آصف حسینی شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ بلوچستان کے صدر منتخب

کوئٹہ:

شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ بلوچستان کا صوبائی کونسل کا اجلاس خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا جبکہ صوبہ بلوچستان کا تنظیمی اجلاس ایک طویل عرصے بعد منعقد ہوا جس میں علماءکرام و کارکنان کی بڑی تعداد نے حب چوکی سے لے کر ڈیرہ الہ یار کے دور دراز علاقوں سے علمدار روڈ کوئٹہ میں شریک ہوئے۔

صوبائی کونسل کا اجلاس اور صوبائی تنظیمی الیکشن، قائد محترم کے نمائندہ خاص اور مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی صاحب کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں بزرگ عالم دین اور مدرسہ امام صادق (ع) کے پرنسپل علامہ محمد جمعہ اسدی، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر علامہ اکبر حسین زاہدی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ، علامہ مشتاق حسین عمرانی، علامہ سید موسی اخلاقی، علامہ سید حسن مبلغ، علامہ امجد حسین محسنی، علامہ علی اصغر عرفانی، علامہ دبیر حسین سروری، علامہ محمد آصف حسینی نے شرکت کی اور خطابات بھی کئے جبکہ نظامت کے فرائض سید سکندر شاہ صاحب نے انجام دئیے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ نے مرکزی سیکرٹری جنرل کی ہدایات پر صوبائی الیکشن کے مراحل کو مکمل خوش اسلوبی سے انجام دیا۔

صوبائی الیکشن میں 4 امیدوار تھے جن میں سے 2 امیدوار، مولانا سید موسی اخلاقی اور مولانا امجد حسین محسنی، مولانا محمد آصف حسینی کے حق میں دستبردار ہوگئے جبکہ مولانا علی اصغر عرفانی نے صوبائی الیکشن میں حصہ لیا جس کے نتیجے میں مولانا محمد آصف حسینی نے کامیابی حاصل کی۔

الحمدللہ، صوبائی کونسل کا اجلاس اور الیکشن کے مراحل خوش اسلوبی سے انجام پذیر ہوئے اور انتہائی عزت، احترام، عظمت و شوکت کے ساتھ تمام شرکاء نے اجلاس کی تمام تر نشستوں میں بڑھ چڑھ اعلی اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے نو منتخب صوبائی صدر،، بلوچستان علامہ محمد آصف حسینی سے حلف لیا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تنظیم کی بنیادوں میں علماء، بزرگان اور شہداء کا لہو شامل ہے، قائد مرحوم علامہ سید محمد دہلوی، قائد مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین اور قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی نے تحفظ حقوق تشیع، اتحاد امت اور استحکام پاکستان کیلئے جو خدمات انجام دیں ان تمام ایداف، مقاصد و مشن کو نمائندہ ولی امر مسلمین و قائد ملت جعفریہ حضرت آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے ان تمام مقاصد کو اپنی بابصیرت اور حکیمانہ طرزعمل کے ذریعے ان کا تحفظ کیا اور مکتب تشیع کے عقائد و نظریات کے احیاء اور عزاداری سید الشہداء کے تحفظ کے لئے وہ وہ اقدامات کئے ہیں کہ اب مخالفین میں یہ جرات نہیں کہ وہ مکتب تشیع کے راستوں کو مسدود کرسکے، الحمدللہ، قائد محترم کے حکم پر مولانا دبیر حسین سروری اور ان کے رفقاء نے انتھک محنت کے ذریعے تنظیم سازی کے عمل کو مکمل کیا جس کے نتیجے میں انتخابی مراحل انجام پذیر ہوئے، مکتب تشیع کے عقائد کے تحفظ، عزاداری سید الشہداء کے فروغ کیلئے اور معاشرے میں امن، محبت و اتحاد کیلئے ضروری ہے کہ ہم تنظیمی فعالیت کو تیز تر کریں اور تربیتی پروگرام اور نشستوں کا اہتمام کریں۔اور جس قدر ہوسکے، قائد محترم کے پیغام امن و محبت و اتحاد کو ہر ہر فرد تک پہنچائیں۔

اس کے بعد علامہ محمد آصف حسینی نے بحیثیت صوبائی صدر بلوچستان اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد قائد محترم کے احکامات کی روشنی میں عزاداری سید الشہداء کے فروغ کیلئے اقدامات کرنا اور بلوچستان میں امن و محبت کو فروغ دینا ہے جس کیلئے تنظیمی فعالیت لازم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج کے اس اجلاس کے ذریعے قائد محترم سے تجدید عہد کرتے ہیں۔

اجلاس کا اختتام دعائے سلامتی امام زمان عجل سے ہوا جس کا شرف مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ نے حاصل کیا۔