جعفریہ پریس- اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے نجف اشرف میں عراق کے مرجع تقلید حضرت آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کی ہے۔ یو این او کے سیکرٹری جنرل نے آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ آیت اللہ سیستانی دہشتگردی کے مقابلے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بان کی مون نے نجف اشرف میں اقوام متحدہ کے عراق میں نمائندے نیکولائی ملادینوف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آیت اللہ سیستانی نے حکومت عراق کے قوانین اور ملکی آئین کے اندر رہ کر دہشتگردی کے خلاف مقابلے پر زور دیا ہے۔ بان کی مون نے آیت اللہ سیستانی کو ایک مدبر، آگاہ اور تعمیری سوچ کی حامل شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عراق کے مسائل کے حوالے سے رہنمائی کے لئے آیت اللہ سیستانی سے ملاقات کی ہے۔ بان کی مون نے عراقی مہاجرین اور داعش کی جانب سے بے گناہ شہریوں پر حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے آیت اللہ سیستانی کے اس اعلامیے کی قدر دانی کی جس میں آیت اللہ سیستانی نے تحمل اور برداشت اور فرقہ واریت کے خلاف مقابلے کی تلقین کی ہے۔