وزیراعظم کی صدارت میں کورونا کے تناظر میں معاشی صورتحال پرجائزہ اجلاس
وزیراعظم عمران خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور زراعت پر زیادہ توجہ ینے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ لوگوں کے لئے روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔ اسلام آباد میں کورونا کے تناظر میں معاشی صورتحال اور مستقبل کی معیشت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انھوں نے سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈیز کو موثر بنانے کے ساتھ موجودہ معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے آؤٹ آف باکس حل کی ضرورت ہے۔
مستقبل کے معاشی وژن کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ تمام کوششوں کا محورلوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ہونا چاہیئے۔ انھوں نے کہا کہ اگلے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی ترجیحات منصوبے شروع کرنے کی بجائے انکی تکمیل پر مرکوز ہونی چاہئے۔
اجلاس میں اقتصادی محرک پیکیج پر پیشرفت اور اسکے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ رواں مالی سال کےپچھلے نو ماہ کے دوران مختلف معاشی اشاریوں میں بہتری اور کورونا کی صورتحال کے دوران مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ریلیف کی فراہمی کے لئے وزارت خزانہ کی کوششوں کو سراہا گیا۔