تازه خبریں

قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ سے ملاقات

   جعفریہ پریس- قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی  نے وزیراعلٰی ہاؤس کوئٹہ میں وزیر اعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شیعہ علما کونسل بلوچستان کے صدر علامہ محمد حسین مبلغ ، حجت الاسلام والمسلمین علامہ جمعہ اسدی اور ہزارہ جرگہ کے صدر عبدالقیوم  چنگیزی سمیت دیگرمقامی رہنما قائد ملت جعفریہ پاکستان کے ہمراہ موجود تھے۔
ملاقات میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے بلوچستان کے مختلف سیاسی، اجتماعی اور امنیتی مسائل کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتری کیجانب جا رہی ہے تاہم حکومت زائرین کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مزید موثر اقدامات اُٹھائے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ سانحہ پشاور کے بعد قومی ایکشن پلان اور اکیسویں آئینی ترمیم کے تحت بلوچستان بھرمیں دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور فرقہ وارایت پھیلانے والے شرپسندوں کی بھی سرکوبی کی جائے۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کو کوئٹہ آنے پر خوش آمدید کہا۔  ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان اورکوئٹہ مسائل پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انکی مخلوط حکومت صوبے میں آباد تمام اقوام کیساتھ برابری کی بنیاد پر یکساں سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا تھا، لیکن تمام برادر اقوام کے تعاون سے انہیں کامیابیاں نصیب ہوئی ہیں ،دہشتگردوں کیخلاف بھی ایف سی اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائیاں کر رہے ہیں اور مزید بہتر اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ زائرین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سے لیکر تفتان تک زائرین کو فوول پرؤف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ این او سی کے حصول کو بھی مزید آسان بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔