اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین میاں رضاربانی سے ملاقات میں تہران اور اسلام آباد کے تعلقات کو دوستانہ اور برادرانہ قراردیا اور کہاکہ ایران اور پاکستان کے عوام کے تاریخی اور ثقافتی رشتے مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لئے تعاون کی سطح کو اوپر لے جانے کے لئے مستحکم بنیاد ہیں – صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امن و سیکورٹی کو علاقے کے ملکوں کے لئے موجودہ حساس صورتحال میں انتہائی اہم مسئلہ قراردیا اور کہا کہ ایران پاکستان کی سیکورٹی کو اپنی سیکورٹی سمجھتا ہے- انہوں نے علاقے اور خاص طور پر دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پرسیکورٹی کو مکمل طور پر یقینی بنانے کے لئے دونوں ملکوں کے تعاون میں اضافے پرتاکید کی – صدر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے درمیان ہونےوالے معاہدوں پر مکمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان بینکینگ کے شعبے میں تعاون میں توسیع، ایران اور پاکستان کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی سطح کو اوپر لے جاسکتی ہے – پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے بھی دوسرے دور صدارت کے لئے ڈاکٹر روحانی کے انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات نہ صرف مذہبی، تاریخی اور ثقافتی اشتراکات پر استوار ہیں بلکہ دونوں ممالک علاقائی اور عالمی مسائل میں مشترکہ نظریات اور موقف کے حامل ہیں – ان کا کہنا تھا پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا –