تازه خبریں

پاکستانی میڈیا ئی ذرائع ابلاغ پر قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کی علالت کی خبربے بنیاد اور دشمن کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ،علامہ سید سجاد حسین کاظمی

جعفریہ پریس – قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای کی علالت کی خبربے بنیاد اور دشمن کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے – ان خیالات کا اظہار حوزہ علمیہ قم کے استاد اور دفتر قائد ملت جعفریہ قم کی مجلس نظارت کے معزز رکن علامہ سید سجاد حسین کاظمی نے جعفریہ پریس کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئےکیا- انہوں نے مزید کہا کہ طول تاریخ میں دو قسم کے کردار رہے ہیں ایک صداقت وحقیقت کا پاسدار کردار تو دوسرا جھوٹ وپروپیگنڈہ کا حامل کردار ، ہر دور کے انسان کو دیکھنا ہو گا کہ وہ کس راہ کا راہی بنے ،سوشل میڈیا ہو یا دیگر ذرائع ابلاغ ان کی حیثیت کا دار مدار انکی نشر کردہ نیوز پر منحصر ہے اگر ان کی خبریں حقیقت پر مبنی ہوں تو پبلک کی نگاہ میں ان کا ایک مقام بن جاتا ہے اور اگر ان کی خبریں بے بنیاد ہوں تو ان کے کیریئر کو سخت دھجکا لگتا ہے ۔ دفتر قائد ملت جعفریہ قم کی مجلس نظارت کے معزز رکن علامہ سید سجاد حسین کاظمی نے کہا کہ پاکستان کے کچھ نیوز پیپرزچند دنوں سے نہایت ہی بے بنیاد خبریں قائد انقلاب اسلامی کی علالت کے حوالے سے نشر کر رہے ہیں جن کا حقیقت سے دور کا تعلق بھی نہیں ہے اور ایسی بے بنیاد خبریں نشر کر کے وہ اپنے کیریئر کو خراب کر رہے ہیں۔ حوزہ علمیہ قم کے استاد نے کہا کہ رہبر معظم نے 12 مارچ 2015 بروز جمعرات کو بھی ماہرین کی کونسل(مجلس خبرگان) کو پورے نشاط کے ساتھ خطاب فرمایا ہے -ا نہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے جن ماہرین کی کونسل کے اجلاس کو رہبر انقلاب کے قائم مقام کے انتخاب سے جوڑنے کی کوشش کی ہے اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔یہ اجلاس ماہرین کی کونسل کے سربراہ کے انتخاب کے واسطے بلایا گیا تھا کیونکہ مرحوم آیۃ اللہ مہدوی کنی اس کونسل کے سربراہ تھے ان کی وفات کے بعد نئے سربراہ کا انتخاب نا گزیر تھا ۔ دفتر قائد ملت جعفریہ قم کی مجلس نظارت کے معزز رکن علامہ سید سجاد حسین کاظمی نے کہا کہ درحقیقت ایسی بے بنیاد خبریں جان بوجھ کراب اس لیے پھیلا ئی جارہی ہیں کیوںکہ آپ کی حکیمانہ اور امام راحل کی آئینہ دار پالیسیوں کی وجہ سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے لہذا اپنی ہزیمت پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسی بے بنیاد خبریں نشر کرا رہا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ان دنوں رہبر معظم کی جو ہاسپیٹل والی تصاویر آرہی ہیں یہ کوئی نئی تصاویر نہیں ہیں بلکہ یہ ایک عرصہ پہلے آپ کا چھوٹا سا آپریشن جو ہوا تھا اوربہت ساری عالمی شخصیات جن میں قائد محترم بھی آپ کی تیمارداری کے لیے گئے تھے یہ وہی تصاویر ہیں ۔تمام انقلابی جوانوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ رہبر معظم الحمد للہ کاملا صحت وسلامتی کے ساتھ ہیں اورہم دعا گو ہیں کہ خدا وند متعال ان کا سایہ ہمارے سروں پر قائم رکھے۔