پاکستان کا ایٹمی قوت بننا غیر معمولی کارنامہ، ہر لحاظ سے داخلی استحکام ضروری ، علامہ ساجد نقوی
28مئی 1998ء کو بھارتی دھماکوں کے جواب میں پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا گیا، قائد ملت جعفریہ
دنیا میں امن تب قائم ہوگا جب طاقت کا توازن درست ہو، اس کیلئے بھی ضروری ہے کہ پاکستان کو توانا اور مستحکم رکھا جائے، پیغام
راولپنڈی /اسلام آباد27مئی 2025ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 28مئی یوم تکبیر پاکستان اور عالمی یوم برائے امن بیداری مہم کے موقع پر پیغام میں کہاہے کہ پاکستان دنیا اور باالخصوص اسلامی دنیا میں ایٹمی پاور کے طور پر ابھرا ،یہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے ۔28مئی 1998کو بھارتی دھماکوں کے جواب میں پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیاگیا۔ اِس دن دنیا کو یہ باور کرا دیا کہ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور اسے بیرونی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے سلسلے میں کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ۔یوم تکبیر ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اس دن ہم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے عہد کی تجدید کریں۔یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی لمحہ ہے کہ ہم ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کے فیصلوں میں ہمیشہ قومی مفاد کو مد نظر رکھیں۔پاکستان کے ایٹمی پاور بننے کے بعد ارض وطن کو بین الاقوامی مقام و حیثیت حاصل ہوئی جسے برقرار رکھنے کیلئے ہر لحاظ سے داخلی استحکام انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے 1948کے ا علان کردہ29 مئی عالمی یوم برائے امن بیداری مہم پر کہاکہ دنیا میں امن تب قائم ہوگا جب طاقت کا توازن درست ہو، اس کیلئے بھی ضروری ہے کہ پاکستان کو توانا اور مستحکم رکھا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو متوجہ کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ ایام کے اختصاص کیساتھ جنگی و متنازعہ علاقوں میں انسانی حقوق، امن و آگہی اور آزادی اظہار کیلئے خدمات انجام دینے والوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں اور اسکے ساتھ ساتھ کشمیر و فلسطین سمیت جن خطوں میں آج بھی بدامنی اور انارکی کی صورتحال ہے ان تصفیوں کے حل کیلئے معذرت خواہانہ کی بجائے جراتمندانہ کردار بھی ادا کرے، فلسطین میں ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ بھی آگیا، پوری دنیا استعماری مظالم پر چیخ اٹھی مگر افسوس سامراج آج بھی بے حسی کی تصویر بنا ہوا ہے جس کیلئے پاکستان کوبھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔