نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور اُن کے وفادار بھائی حضرت عباس علمدارؑ کی عظیم قربانیوں کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں یومِ تاسوعا نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا جن میں علما کرام نے حضرت عباسؑ کی وفا، شجاعت اور قربانی پر روشنی ڈالی۔ جلوسوں میں عزاداروں نے ماتم، نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان، حیدرآباد اور دیگر شہروں میں مرکزی جلوسوں کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ حساس مقامات پر پولیس، رینجرز اور رضاکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی۔
ادھر کربلا، نجف، تہران، قم، دمشق، بیروت، لندن، سڈنی، نیویارک اور دیگر عالمی شہروں میں بھی یومِ تاسوعا کی مناسبت سے مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا، جہاں لاکھوں عزادار شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ تاسوعا کا دن حضرت عباسؑ بن علیؑ کی بے مثال قربانی کی یاد دلاتا ہے جو کربلا میں امام حسینؑ کے علمبردار اور وفادار بھائی کے طور پر تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے۔
یاد رہے کہ کل ۱۰ محرم الحرام (عاشورا) کو امام حسینؑ اور اُن کے باوفا ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یومِ عاشور منایا جائے گا، جس کے لیے بھی تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔