پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے: مشیر خارجہ سرتاج عزیز
اسلامی تعاون تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے بھارت سے مطالبہ کیاہےکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم کرائے ۔اسلام آباد میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے کہا کہ بھارت کو ریفرنڈم سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں جو مزید جاری نہیں رہ سکتیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے ان خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔عیاد امین نے اس امید کا اظہار کیاکہ پاکستان اور بھارت کےد رمیان مذاکرات جلد شروع ہوں گے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ او آئی سی کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کرتی ہے ۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا ہے۔خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا ریاستی عوام کی خواہشات کے مطابق حل ضروری ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور بھارت کے مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔