پاکستان کے معروف عالمِ دین اور ذاکر علامہ طالب جوہری کراچی میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔پاکستان کے سرکاری چینل پی ٹی وی کے مطابق ان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ مولانا طالب جوہری کچھ روز سے علیل تھے اور کراچی کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔علامہ طالب جوہری شاعر، ذاکر، مورخ اور فلسفی تھے۔ انھوں نے قرآن کی تفیسر سمیت شاعری اور نہج البلاغہ سمیت مذہبی موضوعات پر کتابیں بھی تحریر کی تھیں۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ جوہری تھے۔
علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔ علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔
کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔
علامہ طالب جوہری فن تقریر میں صاحب اسلوب تھے۔ ایک دل نشیں مقرر ہونے کے علاوہ بھی علامہ طالب جوہری کی کئی جہتیں تھیں۔
انہوں نے کئی کتابیں لکھیں، قرآن کی تفسیر لکھی اور شاعری بھی کی، ان کی شاعری کے تین مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔