تازه خبریں

پنڈی اسلام آباد امام بارگاہ قصرسکینہ (س) میں دوران نمازمغربین دھماکہ ، 2 افراد شہید جبکہ متعدد مومنین زخمی

جعفریہ پریس – وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع شکریال روڈ میں قائم امام بارگاہ قصر سکینہ س میں دوران نماز مغربین دھماکہ ، دھماکے میں 2 افراد شہید جبکہ متعدد مومنین زخمی- شکارپور، حیات آباد پشاور، لاھور کے بعد شکریال واقع امام بارگاہ قصر سکینہ میں آج کا دھماکہ قومی ایکشن پلان پر بد نما داغ اور سوالیہ نشان ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آج اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع شکریال روڈ میں قائم امام بارگاہ قصر سکینہ میں اس وقت دھماکہ ہوا جب نماز مغربین ادا کی جا رہی تھی ، عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس سے آپس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔  مسلح حملہ آوروں کی تعداد 7 کے قریب بتائی جاتی ہے جو امام بارگاہ کے قریبی علاقوں میں چھپ گئے ہیں۔ جب کہ کچھ حملہ آوروں نے امام بارگاہ میں گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ کے بعد دھماکہ کردیا- دھماکے میں 2 افراد شہید جبکہ متعدد مومنین زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق امام بارگاہ قصرسکینہ س میں حملے کا آغاز فائرنگ سے کیا گیا فائرنگ کے بعد زوردار دھماکہ ہوا،جس کے نتیجے میں 2 افراد شہید جبکہ متعدد مومنین زخمی ہوئے ہیں۔  تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا پولیس نے بھی ممکنہ حملہ آوروں کے قریبی علاقوں میں چھپنے کی تصدیق کی ہے اور ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔