تازه خبریں

پوری اسلامی دنیا مسائل کی آگ میں جل رہی ہے، سازشوں کا مقابلہ اتحاد کی طاقت سے ہی کیا جا سکتا ہے،پاکستان غیرجانبداررہتے ہوئے مسئلہ یمن پرثالثی کا کردارادا کرے، علامہ عارف واحدی

جعفریہ پاکستان – شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال انتہائی پریشان کن، ہمیں سازشوں کا ادراک کرنا ہوگا، پاکستان غیرجانبدار رہتے ہوئے ثالث کا کردار ادا کرے، علماء بھی موجودہ صورتحال میں اتحاد امت کا پیغام عام کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز علماء کے مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا انتہائی مشکلات حالات سے دوچارہے ، ارض وطن دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہے ،ہمسائیہ ملک افغانستان کی صورتحال بھی اچھی نہیں جبکہ عراق، شام ، مصر اور بحرین کے حالات بھی انتہائی پریشان کن ہیں جبکہ برما میں مسلمانوں پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں فلسطین اور کشمیر میں ظلم و بربریت تھمنے کا نام نہیں لیتی اور ایسے حالات میں یمن کا تنازعہ کھڑاہوجانا انتہائی پریشان کن ہے جس پرسوال اٹھتا ہے کہ اسلامی دنیا قدرتی وسائل سے مالا مال مگر اس کے باوجود کیوں عدم استحکام کا شکار ہے اس کی اصل وجہ وحدت کا فقدان ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں امت مسلمہ کی نجات کا واحد راستہ اتحاد ہے یہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام ایک مرتبہ پھر حاصل کرسکتی ہے۔ اس موقع پر انہوںنے حکومت پاکستان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال میں غیر جانبدار رہتے ہوئے ثالث کا کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں او آئی سی سمیت دیگر نمائندہ تنظیموں سے رابطے کرے تا کہ اس بھڑکتی ہوئی چنگاری کو شعلہ بننے سے بچایا جا سکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے علماءپر بھی زور دیا کہ وہ اتحاد امت کے پیغام کو عام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اتحاد امت کی عملی مثالیں موجود ہیں اورقائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی سرپرستی میں ہم وحدت کا علم لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ہم اس ملک میں اتحاد امت کے بانیان میں سے ہیں ۔ انہوں نے وفو د پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال میں اتحاد امت کا پیغام بھی عوام تک پہنچائیں کیونکہ رواداری اور بھائی چارے کی فضاءسے نہ صرف ملک میں پائیدار امن و استحکام قائم کیا جاسکتاہے بلکہ اسلامی دنیا کے مسائل کا حل بھی اتحاد و بھائی چارے میں ہے۔