غیرملکی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی کوششیں کیں اور بہت قربانیاں دیں، عالمی برادری پاکستان کی غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرے۔
جینگ شوانگ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن و استحکام کے لیے انسداد دہشتگردی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی احترام کی بنیاد پر عالمی برادری سے تعاون کررہا ہے، چین اور پاکستان دیرینہ دوست ہیں اور باہمی مفاد کی بنیاد پر جامع تعاون کو فروغ دینے کےلیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کا بیان ناقابل فہم اور مایوس کن ہے، پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمہ اور خطے کے استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے گراں قدر قربانیاں دی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی رہنماؤں کو بے وقوف سمجھتا ہے اور امریکا نے بھی پاکستان کو 33 ارب ڈالر کی امداد دے کر بہت بڑی بے وقوفی کی، امداد وصول کرنے کے باوجود بھی پاکستان نے امریکا کے ساتھ جھوٹ بولا۔