قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان زاہد علی آخونزادہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے پے در پے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کو ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش قرار دیا ہے اور صوبائی حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے_ ڈیرہ اسماعیل میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر اپنے بیان میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ دن دھاڑے دہشت گرد بھرے بازاروں میں حسن علی اور مطیع اللہ کو قتل کر کے چلے جاتے ہیں اور سی سی وڈیوز کے باوجود تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نہ تو کوئی ٹھوس اقدام کیا جاتا ہے اور نہ ہی صوبائی حکومت کے کان پر جوں تک رینگتی ہے۔ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے ان واقعات پر خاموشی مجرمانہ اور قابل مذمت ہے۔ اُنہوں نے مذید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کو ثبوتاژ کرنے کی اس مکرو سازش کو فوری طور پر طشت از بام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں اتحادِ بین المسلمین کیلئے ہونے والی کاوشوں کو بارآور بنایا جا سکے۔ ترجمان نے قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے ڈی آئی خان میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات میں شہید ہونے والوں کے سوگوار خانوادوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ غم کی گھڑی میں پوری قوم اُن کے ساتھ برابر کی شریک ہے اور اس ضمن میں انصاف کے حصول کیلئے کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا جائے گا۔