تازه خبریں

کراچی: دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب

کراچی: دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم کا خطاب
وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں اسلحے کی دوڑ نہیں چاہتا ہمارے آلات حرب صرف امن کے فروغ کیلئے ہیں ۔ ایکسپو سنٹر کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ہتھیار ہر طرح کی آزمائش پر پورے اترے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں ۔ ملک کی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔عالمی ادارے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں ۔ دو ہزار سولہ سترہ میں مجموعی ملکی پیداوار پانچ فیصد تک لے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی چاہتے ہیں ۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سو فیصد ملکیتی حقوق حاصل ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے حربی آلات نے عالمی منڈیوں میں اپنا لوہا منوایا ہے ۔ ہتھیاروں کی تیاری میں بہتری کیلئے دوسرے ملکوں سے ٹیکنالوجی کا تبادلہ کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے دفاعی نمائش دو ہزار سولہ میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ بھی کیا ۔ پاکستان کی بری ، بحری اور فضائی افواج نمائش میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہیں ۔ پاکستان میں تیار کردہ الخالد ٹینک ، جی ایف سیونٹین تھنڈر لڑاکا طیارہ ، سپر مشاق ، کے ایٹ ائر کرافٹ ، فاسٹ اٹیک ائر کرافٹ میزائل بوٹس ، آرمڈ پرسنل کیرئیر ، ملٹری ہارڈ ویئرز اور متعلقہ ٹیکنالوجی نمائش کا حصہ ہیں ۔ لکسمبرگ ، ڈنمارک ، بیلا ر س ، پولینڈ ، جمہوریہ چیک ، سوئٹزر لینڈ ، بیلجیئم ، نائجیریا اور رومانیہ ۔۔۔ دفاعی نمائش میں پہلی مرتبہ شرکت کر رہے ہیں ۔ روس کی تین بڑی کمپنیاں بھی نمائش کا حصہ ہیں ۔ ترکی ، چین ، شمالی امریکہ ، جنوبی امریکہ ، یورپ اور مشرقی بعید کے ممالک کے سٹالز ماضی کے برعکس وسیع حصے پر محیط ہیں ۔ پہلی دفاعی نمائش آئیڈیاز نومبر دو ہزار میں ہوئی تھی ۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان دفاعی شعبے میں خود کفالت کی طرف رواں دواں ہے ۔