کشمیر کے معروف شیعہ عالم دین اور معزز علمی اور دیندار گھرانے کے چشم و چراغ حجت الاسلام والمسلمین آغا سید محمد فضل اللہ الموسوی الصفوی پیر کی صبح وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔
مرحوم ہمیشہ جموں وکشمیر میں اتحاد بین المسلمین کا داعی سمجھے جاتے تھے۔ وہ اپنے بیشتر خطابات میں مسلمانوں کے تمام فرقوں کے درمیان اتحاد اور فرقہ واریت سے دوری پر زور دیتے تھے۔
آغا سید محمد فضل اللہ گذشتہ کئی برسوں سے علیل تھے اور پیر کی صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے دار فانی کو الوداع کہتے ہوئے دار ابدی کی طرف کوچ کر گئے۔
اطلاعات کے مطابق، آغا سید محمد فضل اللہ کے نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جو وادی کے اطراف واکناف سے آئے ہوئے تھے جبکہ قصبہ بڈگام میں پیر کو تمام دکانیں بند رہیں۔
نماز جنازہ کی پیشوائی حجۃ الاسلام و المسلمین علامہ آغا سید باقر موسوی النجفی نے انجام دی۔ آغا سید محمد فضل اللہ وادی کے معروف عالم دین و اسلامی اسکالر مرحوم آغا سید یوسف الموسوی الصفوی کے فرزند تھے۔ ان کے بھائی آغا سید محمود نیشنل کانفرنس سے وابستہ ممبر قانون ساز کونسل ہیں جبکہ ان کے فرزند حجت الاسلام آغا سید ہادی بھی حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل اور وادی میں مصروف تبلیغ دین ہیں
