تازه خبریں

گلگت بلتستان کا کشمیر سے کوئی تعلق نہیں، ہماری اپنی ثقافت اور شناخت ہے، مدثر رضا

جعفریہ پریس  – جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کے صدر مدثر رضا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان قدرتی وسائل سے مالا مال وہ انمول خطہ ہے جسے یہاں کے غیور فرزندوں نے ڈوگرہ راج کے تسلط سے آزادی دلا کر غیر مشروط طور پر پاکستان کیساتھ الحاق کیا مگر افسوس کا مقام ہے کہ نصف صدی سے بھی زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال اس خطے کی آئینی حیثیت واضح نہیں ہو سکی اور ہمیں تنازعہ کشمیر کی وجہ سے اپنے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ڈویژنل صدر جے ایس او نے بعض کشمیری راہنماوں کی جانب سے مقامی اخبارات میں گلگت بلتستان کو کشمیر کی ناقابل تقسیم اکائی قرار دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گلگت بلتستان کی اپنی تاریخ اور ثقافت ہے اور یہاں کے اکثریتی عوام کشمیر سے کسی بھی قسم کے تعلق کی نفی کرتے ہیں اور کشمیری راہنماوں کے ایسے بیانات ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت سے مترادف ہے۔