تازه خبریں

گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے قائد ملت جعفریہ پاکستان

گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے قائد ملت جعفریہ پاکستان

گلگت بلتستان کو باقاعدہ صوبہ ڈکلیئر کیا جائے،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
یکم نومبر 1947 سرزمین گلگت کی ڈوگروں سے آزادی اور پاکستان سے وفاداری کادن ہے، تمام قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
جی بی سرزمین بے آئین ہے اسے آئینی دھارے میں شامل کیا جائے اور پارلیمنٹ اور سینیٹ میںنمائندگی دی جائے ، قائدملت جعفریہ
راولپنڈی /اسلام آباد1نومبر 2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ گلگت بلتستان ملک کا اہم اور حساس ترین خطہ ہے، وقت کی ضرورت ہے کہ اس خطے کو اب تمام آئینی حقوق دے کر صوبہ ڈکلیئر کیا جائے۔یکم نومبر 1947ء سرزمین گلگت بلتستان کی ڈوگروں سے آزادی اور پاکستان سے وفاداری کادن ہے اور یہ دن گلگت بلتستان کے عوام کی بہادری، اتحاد اور آزادی کی علامت ہے۔ گلگت بلتستان کے بہادر رہنمائوں اور مقامی قبائل نے اس تحریک کو کامیاب بنایا اور اپنی سرزمین کو آزاد کروایا اس موقع پر ان تمام قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان خطے کی تمام سبسڈیز اور سہولیات برقرار رکھی جائیں اور خطہ کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان کی امنگوں کے مطابق تمام فیصلے کئے جائیں۔ انہوںنے مزیدکہاکہ کسی بھی خطے میں تمام آئینی و قانونی اقدامات اس وقت اٹھائے جاتے ہیں جب اس خطے کو تمام آئینی وقانونی حقوق فراہم کئے جائیں لہٰذا وقت کی ضرورت ہے کہ گلگت بلتستان جو ایک عرصہ سے سرزمین بے آئین ہے اسے قومی دھارے میں باقاعدہ شامل کیا جائے او ر اسے آئینی حقوق فراہم کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور سینیٹ میں نمائندگی دی جائے ۔انہوںنے مزید کہاکہ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریو ں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں اور ان کی جائز ضروریات کا خیال رکھیں۔