ہندوستانی میڈیا کے مطابق فوج کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مسلح افراد نے لائن آف کنٹرول کے ذریعے سرحد پار سے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں دو مسلح افراد مارے گئے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہندوستانی فوج کے دو اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوگام سیکٹر پر مسلح افراد کے خلاف فوجی آپریشن تاحال جاری ہے۔ ہندوستان، ہمیشہ پاکستان پر الزام لگاتا چلا آیا ہے کہ وہ مسلح افراد کو کنٹرول لائن کے ذریعے اس کے زیرانتظام کشمیر میں بھیجتا ہے جو اس کے فوجیوں پر حملے کرتے ہیں تاہم پاکستان، اس الزام کی سختی سے تردید کرتا ہے۔
یاد ر ہے کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیرمیں آٹھ جولائی کو ہندوستانی سیکورٹی فورس کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے جاں بحق ہونے کے بعد سے حالات کشیدہ چلے آرہے ہیں۔ پچھلے بائیس دن سے جاری کشیدگی اور سیکورٹی فورس کی فائرنگ میں اب تک ساٹھ سے زائد کشمیری جاں بحق اورہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔