تازه خبریں

یوم القدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر ہے، علامہ عامر ہمدانی

یوم القدس امت مسلمہ کے اتحاد کا مظہر ہے، علامہ عامر ہمدانی

شیعہ علماء کونسل پاکستان جنوبی پنجاب کے صدر علامہ عامر ہمدانی نے کہا ہے کہ یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے عزم کا دن ہے، جسے پوری امت مسلمہ کو بھرپور انداز میں منانا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم القدس کے اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوکر فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔

علامہ عامر ہمدانی نے کہا کہ فلسطین پر غاصب صہیونی ریاست کا قبضہ پوری انسانیت کے لیے ایک چیلنج ہے، اور امت مسلمہ پر لازم ہے کہ وہ اپنے اتحاد اور یکجہتی سے مظلوموں کا ساتھ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب یوم القدس کے موقع پر مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے، سیمینارز اور ریلیاں منعقد کرے گی، جن میں علماء، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں مسلمانوں کے اتحاد سے خائف ہیں، اور یوم القدس ایسا دن ہے جو ہمیں اتحاد و یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ اس موقع پر ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں آواز بلند کرنی چاہیے۔