کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید مذمت، حقائق منظر عام پر لائے جائیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی
راولپنڈی: قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد کی شہادت پر لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد کے نزدیک دہشت گردی کا یہ بزدلانہ واقعہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے، جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے درجنوں افراد کو جدید اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر ملک کے امن و امان کی فضا کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں، ایسے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام اور ان کے ذمہ دار عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔
آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے مطالبہ کیا کہ کوہاٹ دھماکے کے واقعے کے تمام حقائق کو منظر عام پر لایا جائے اور شرپسند عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔