شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ یوم القدس محض ایک رسمی دن نہیں بلکہ ظلم و استعمار کے خلاف عالمی احتجاج اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کا مظہر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان کی اپیل پر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ یوم القدس کے اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں میں شرکت کریں اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ کسی ایک قوم یا خطے کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، اور اس پر خاموشی دراصل ظلم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم القدس کے موقع پر احتجاجی مظاہرے، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے شعور بیدار کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، اور یوم القدس اسی اتحاد کا مظہر ہے۔ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظالم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے