شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان کے صدر شیخ میرزا علی نے کہا ہے کہ یوم القدس صرف فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کا دن نہیں بلکہ عالمی استعمار اور صہیونی ظلم کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس عظیم مقصد کے لیے یوم القدس کے اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
شیخ میرزا علی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ محض ایک زمینی تنازع نہیں بلکہ انسانی ضمیر اور اسلامی غیرت کا امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل گلگت بلتستان یوم القدس کے موقع پر مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی، تاکہ عوام میں فلسطین کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو پہلے سے زیادہ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، اور یوم القدس اس عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے کہ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔