شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر نے کہا ہے کہ یوم القدس عالمی استعمار اور صہیونی جارحیت کے خلاف مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ فلسطین پر غاصبانہ قبضہ صرف عربوں یا فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یوم القدس کے اجتماعات، ریلیوں اور مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور فلسطینی عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ قبلہ اول کی آزادی ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور اس کے لیے مسلسل جدوجہد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان ملک بھر میں یوم القدس کے موقع پر احتجاجی مظاہرے، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کرے گی تاکہ عوام میں مسئلہ فلسطین کی اہمیت اجاگر کی جا سکے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں مسلمانوں کے اتحاد سے خوفزدہ ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم یوم القدس کے موقع پر اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔ ہم ہر حال میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظالموں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔