قرارداد پاکستان سے انحراف کی وجہ سے ملک بے شمار مسائل کا شکار ہوگیا، ساجد نقوی آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی سے ہی ملک کو اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نکالا جاسکتاہے ،قومی وحدت، جمہوریت کے فروغ، انصاف کے قیام،دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کےلئے جدوجہد کو مزید تیز کرنا ہوگا، قائد ملت جعفریہ پاکستان کا یوم پاکستان پر قوم کے نام پیغام اسلام آباد22 مارچ 2018 ء( جعفریہ پریس )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ 1947ءکے بعد پاکستان میں آنے والے تمام حکمرانوں کی تاریخ اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انتہائی افسوس کے ساتھ نتیجہ سامنے آتاہے کہ قرارداد پاکستان میں شامل مقاصد اور اہداف کے ساتھ کتنی نا انصافیاں اور زیادتیاں ہوئی ہیں اور قرارداد پاکستان کی روح کو مسخ کرکے بانیان پاکستان کی ارواح کو تڑپایا جارہاہے، ہمارے آئین اور قانون کی بنیاد بھی قرارداد پاکستان تھی لیکن جس طرح مختلف ادوار میں آئین کو معطل یا منسوخ کرکے ملک کا حلیہ بگاڑا جاتا رہا اس سے قرارداد پاکستان کی توہین ہوئی ہے اسی وجہ سے قرارداد پاکستان کی روح پکار پکار کر کہہ رہی ہے کہ ہم نے پاکستان کی سا لمیت، خود مختاری اور ان اعلیٰ اہداف و مقاصد کا اس درست انداز میں تحفظ نہیں کیا جن کےلئے پاکستان کی تشکیل ہوئی تھی۔ یوم پاکستان پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ قرارداد پاکستان جہاں عوام کو وطن دوستی اور حب الوطنی کی طرف متوجہ کرتی ہے وہاں حکمرانوں کو جمہوریت ، انصاف اور سا لمیت و خود مختاری کی حفاظت جیسی ذمہ داریوں کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ بانی پاکستان حضرت قائد اعظمؒ اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبالؒ نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا آج ہمیں دور دور تک وہ پاکستان نظر نہیں آتا بلکہ پاکستان کے حالات قرارداد پاکستان کے بالکل مخالف اور متضاد سمت میں نظر آتے ہیں، ہمارا المیہ یہی رہا ہے کہ ہمارے حکمران طبقے قرارداد پاکستان پر عمل کرنے کی بجائے اقتدار اور مفادات کا کھیل کھیلتے رہے ہیں جبکہ عوام کو مسائل کا شکار کرکے حکمرانوں کے احتساب کا راستہ بھی بند کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے خرابیوں اور آلائشوں میں مزید اضافہ ہوتا گیا اور ملک ہر قسم کی آئینی، نظریاتی اور معاشرتی بیماریوں کا شکار ہوکر مریض بن گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو لاحق تمام داخلی و خارجی خطرات اور امراض کا شافی علاج یہی ہے کہ سب سے پہلے عوام بیدار، متحد اور منظم ہوں، قرارداد پاکستان کی روح کو زندہ کرتے ہوئے تحریک پاکستان والے جذبے کو بیدار کریں، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے جدوجہد کریں، جمہوریت، انصاف اور اسلامی اقدار کے قیام کےلئے اقدامات کریں۔ پاکستانی معاشرے کو نا انصافی، ظلم، بے عدلی، کرپشن ، دہشت گردی ، رشوت ستانی، فحاشی، لاقانونیت اور دیگر معاشرتی برائیوں سے پاک کرکے ایک اسلامی، فلاحی ، جمہوری اور نظریاتی مملکت بنانے کےلئے اپنی توانائیاں صرف کریں اور اس راستے میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کریں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here