آغا ضیاءالدین قتل کیس،قاری ندیم و دیگر کو کڑی سزا دی جائے۔ اسلامی تحریک گلگت بلتستان۔
گلگت(پ ر) اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان کا ایک اہم اور ہنگامی اجلاس مرکزی نائب صدر اسلامی تحریک پاکستان حجتہ الاسلام علام شیخ مرزا علی کی زیر صدارت گلگت میں منعقد ہوا، اجلاس میں صوبائی و ضلعی عہدیداران کے علاوہ علمائے کرام اور کارکنان کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ سابق صوبائی وزیر پانی و بجلی، سینئر نائب صدر اسلامی تحریک جی۔بی جناب حاجی دیدار علی و سابق امیدوار جی۔بی اسمبلی جناب سید حسن شاہ کاظمی نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں آغا سید ضیاءالدین شہید کے قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ قاری ندیم کی گرفتاری اور تفتیش کے مراحل پر غور و خوص کیا گیا اور اس کے ساتھ ہی اس کیس کے سلسلے میں آئی۔جی پولیس اور صوبائی حکومت پر زور دیا گیا کہ دیگر ملزمان کی طرح اس ماسٹر مائنڈ کو بھی گلگت سے چھوٹ نہ دی جائے، کیونکہ ماضی میں ایک طے شدہ پروگرام کے تحت ملزم شاکراللہ کو جیل کے اندر مراعات دی گئیں تھیں اور ساتھ ہی سازش کے تحت ان کو جیل سے فرار کرایا گیا، اسطرح دیگر بعض مخصوص ملزمان کو بھی رعایت دی گئی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ مرکزی ملزم اور ماسٹر مائنڈ کو بھی حسب سابق رعایت نہ دی جائے، اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور قاری ندیم اور دیگر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو۔
اس کے علاوہ اجلاس کے دوران ملکی حالات اور علاقائی صورت حال پر تفصیل سے غور و خوص کیا گیا، مودی اور انڈیا کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونے کی اپیل کی گئی۔