افغان حکومت اپنی سرزمین استعمال کرنے والے دہشتگردوں کےخلاف مو ثر کارروائی کرے، شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی
اسلام آباد:
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی جانب سے کئے جانے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین استعمال کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کرے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔
شمالی وزیرستان اور تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ
شمالی وزیرستان اور تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں دھرتی کے دس سپوتوں نے دفاع وطن پر جان قربان کر دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سرحد پار افغان علاقے سے دہشت گردوں نے پاک فوج کی گشت پر مامور ٹیم پر حملہ کیا۔
اس واقعے میں چھ جوان شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں حوالدار خالد ،سپاہی نوید ،سپاہی بچل ، سپاہی علی رضا ،سپاہی ایم بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔
ایک دوسرے واقعے میں تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک افسر اور تین جوان شہید ہوگئے۔ ایف سی بلوچستان کی ٹیم تربت اور ہوشاب کے درمیانے علاقے میں کومبنگ آپریشن میں مصروف تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کردی ۔ اس واقعے میں کیپٹن عاقب ، سپاہی نادر ،سپاہی عاطف اور سپاہی حفیظ اللہ شہید ہوگئے۔