ایران میں پاکستان کے سفیر آصف علی خان درانی نے ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران سمیت بعض ممالک کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی تعاون کی راہ میں بینکینگ سے متعلق کچھ مسائل پائے جاتے ہیں جنھیں حل کرنے کی اسلام آباد پوری سنجیدگی سے کوشش کررہا ہے- ایران میں پاکستان کے سفیر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات فروغ پا رہے ہیں کہا کہ ایران اور پاکستان دو مسلمان اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے ہمیشہ مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں – اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک پارلیمانی وفد نے پاکستان کے اعلی حکام سے ملاقات اور علاقائی و بین الاقوامی حالات کا جائزہ لینے کے لئے جنوری کے مہینے میں اسلام آباد کا دورہ کیا تھا- اس دورے میں وفد کی سربراہی ، ایران کی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے کی تھی – علاء الدین بروجردی سے ملاقات میں پاکستانی حکام نے ایران کے ساتھ خاص طور پر ایران کی چابہار بندرگاہ اور پاکستان کی گوادر بندرگاہ کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر آمادگی کا اعلان کیا – پاکستانی حکام نے ایران کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ گیس معاہدے پر عمل درآمد پر آمادگی ظاہر کی-