خوشاب :
بین المذاھب امن کمیٹی سرگودھا کے زیر اہتمام “فروغ امن سیمینار” میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ نے شرکت کی۔ بین المذاھب امن کمیٹی کے صوبائی سربراہ حضرت صاحبزادہ شعیب رضا قادری نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و زعماء کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی وفد کا جلسہ گاہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ اور فروغ امن سیمینار کے صدر نشین کے طور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی پر منصب صدارت پر بٹھایا۔ جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ کو مہمان خصوصی کی نشت دی گئی۔ اس موقع پر اہلسنت و اہل تشیع کے مقامی علماء و زعماء نے اپنے خطابات میں خوشاب کے امن کو مثالی قرار دیتے ہوئے اتحاد بین المسلمین و اتحاد بین المذاھب کو وطن عزیز پاکستان کے لیے نمونا قرار۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خوشاب میں امن کی مثالی نمونے کو سراہتے ہوئے مقامی علماء و زعماء کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور اہل اسلام کا اس بنیادی اصول پر مجتمع ہونا کہ ایک مسلمان کے ہاتھوں کسی دوسرے مسلمان کو تکلیف نہ پہنچے درحقیقت درس اسلام ہے اور یہ قانون بالغ النظری میں انسانیت کے دائر تک بھی وسعت پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب کی عوام داد و تحسین کی مستحق کہ وہ دین کے اس ذریں اصول کا مظہر بن کر پورے ملک کو امن، اخوت و بھائی چارے کا پیغام دے رہی ہے جو یقیناً کسی عبادت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل اسلام میں نفاق کی کوششیں دراصل وطن عزیز پاکستان کے امن کو ثبوتاز کرنے کے مترادف ہے لیکن پاکستان کی شیعہ سنی عوام نے قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ بقا وترقی مملکت خدا داد پاکستان کی خاطر یکجا ہو کر دشمن اسلام و پاکستان کے ارادے خاک میں ملا دینگے۔ انہوں نے نصاب کے معاملے پر تمام مسلمانوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ قومی نصاب میں مشترکات کے بجائے اختلافات پیدا کرنے کی ناپاک کوشش کی گئی ہے۔ اس حوالے سے بھی مسلمان یکجا ہو کر اس مذموم کوشش کو ناکام بنائیں۔ اور اتحاد و وحدت کی فضا کو مقدور ہونے سے بجائیں۔ بعدازاں تمام مکاتب فکر نے باہم متحد ہو کر امن، اخوت و بھائی چارے کے پیغام کو پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



