جعفریہ پریس راولپنڈی( ) جے ایس او پاکستان کے مرکزی قائم مقام صدر عبداللہ رضا نے آج راولپنڈی میں شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل جناب علامہ عارف واحدی صاحب سے ملاقات کی۔ملاقات میں مرکزی قائم مقام صدر عبداللہ رضا نے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی کارکردگی پیش کی ۔ اس موقع پر علامہ عارف واحدی صاحب کا کہنا تھا کہ آپ طلباء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔قوم و ملت کی نظریں آپ پر مرکوز ہیں اور آپ ہی ہماری ملت کا مستقبل ہیں۔
سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل نے مزید کہا کہ آپ اپنے آپ کو جس طرح تیار کریں گے قوم کا مستقبل بھی وہی ہو گا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ آپ اپنے توجہات کا مرکزی اپنی تعلیم کو دیں۔آپ کی تعلیم آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔اور ہر یونیورسٹی ،ہر کالج اور ہر بورڈ میں جے ایس او کے نوجوانون کو اولین پوزیشنوں پر ہونا چاہیے۔
اس موقع پر وزیر گلگت بلتستان کے جناب دیدار علی شاہ صاحب بھی موجود تھے۔ انہوں نے فرمایا کہ جے ایس او ایک الٰہی تنظیم ہے ۔یہ پاکستان میں وہ واحد طلباء تنظیم ہے کہ جو براہ راست نمائندہ ولی فقیہ کے زیر نگرانی کام کر رہی ہے۔ آپ لوگوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ کی سرپرستی نمائندہ ولی فقیہ علامہ سید ساجد علی نقوی فرما رہے ہیں۔ آپ اس بات کا یقین رکھیں کہ جب تک آپ اس لڑی سے بندھے رہیں گے دنیا و آخرت میں عزت و کامیابی آپ کا مقدر رہے گی۔ ۔