شیعہ علماءکونسل پاکستان سانحہ ساہیوال پر انتہائی افسوس اور گہری تشویش کا اظہار
شہریوں پر براہ راست فائرنگ ماورائے قانون اور اختیارات سے تجاوز کی بدترین مثال ہے ، عارف واحدی
ایسے سانحات سے اداروں کی سرکشی عیاں، ریاست کو صحیح معنوں میں ماں جیسا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے
اسلام آباد 20جنوری 2019 ء (جعفریہ پریس )شیعہ علماءکونسل پاکستان کا سانحہ ساہیوال پر انتہائی افسوس اور گہری تشویش کا اظہار ، سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کہتے ہیں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں، شہریوں پر براہ راست فائرنگ اختیارات سے نہ صرف تجاوز اور ماورائے قانون ہے بلکہ یہ سانحات ان اداروں کی منہ زوری کی واضح مثال بھی ہیں کہ کس طرح عوام کو روند دیا جاتاہے ، ریاست کوصحیح معنوں میں ماں جیسا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز ساہیوال قادر آباد کے قریب شادی کی تقریب میں شرکت کےلئے جانیوالے خاندان پر سی ٹی ڈی پولیس کی براہ راست فائرنگ اور چار افراد کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہریوں پر براہ راست فائرنگ اختیارات سے نہ صرف تجاوز بلکہ یہ کھلم کھلا ماورائے قانون اقدامات کی بدترین مثال ہے ، ایسے سانحات ان اداروں کی منہ زوری کی بھی واضح مثال ہیں کہ کس طرح عوام کو روند دیا جاتاہے اور واضح ہورہاہے کہ جنہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلئے اختیارات دیئے گئے ہو ں وہ کس طرح طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہیں ، سرکشی کی انتہاءاس سے زیادہ کیا ہوگی کہ شہریوں پر براہ راست فائرنگ کردی جائے اور وہ بھی اس وقت جب پورا خاندان کہیں سفر کررہاہو ، معصوم بچے ساتھ ہوں اور ان کے سامنے ان کے والدین کو قتل کردیا جائے۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اس سانحہ نے بہت سے سوالات کو جنم دے دیا ہے جب پولیس کو واضح احکامات ہیں کہ اگر کوئی مشکوک شخص ہو تو پہلے اس کی جامہ تلاشی لی جائے، اس سے پوچھ گچھ کی جائے،گاڑی میں فرار ہونے کی صورت میں رکاوٹ پیدا کی جائے مگر یہ اجازت کس نے دی کہ براہ راست لوگوں کو نشانہ بنادیا جائے؟انہوںنے کہاکہ اس سانحہ کو بنیاد بناکر معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے اور ریاست صحیح معنوں میں ماں جیسا کردار ادا کرے اور مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے ۔ اس موقع پر انہوںنے مقتولین کے ورثاءسے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا ۔