تازه خبریں

شیعہ علما ء کونسل پاکستان کا ایک اہم اجلاس علامہ عارف حسین واحدی کی زیرصدارت راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں صوبائی/ علاقائی صدور سمیت اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی

شیعہ علما ء کونسل پاکستان کا ایک اہم اجلاس مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی زیرصدارت راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں صوبائی/ علاقائی صدور سمیت اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی و تنظیمی صورت حال کا خاص طور پر جائزہ لیا گیا ۔اجلاس آٹھ گھنٹے جاری رہا جس میں مستقبل میں گلگت بلتستان میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلے میں عوام رابطہ مہم کو تیز تر کرتے ہوئے سیاسی و تنظیمی فعالیت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ خطہ کی آئینی حیثیت کے بارے میں ہمارا ہمیشہ مضبوط موقف رہا ہے کہ اس علاقے کی عوام کومکمل آئینی حقوق فراہم کئے جائیں اور گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بناتے ہوئے سینٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے کیونکہ اول روز سے گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کرکے خود سے اپنے آپ کو پاکستان میں ضم کیا لیکن بدقسمتی سے یہ سرزمین بے آئین اور یہاں کے عوام آئینی حقوق سے محروم چلے آرہے ہیں۔ہماری جماعت کا منشور ہے کہ ہم آئینی حقوق کی فراہمی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور جماعت کے اراکین عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہوئے علاقائی دفاتر میں موجود ہیں او ر عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور فلاح و بہبود سمیت ترقیاتی کاموں کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد سرزمین گلگت میں علماء کانفرنس منعقد کی جائے گی علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے گلگت بلتستان کے علاقوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہوئے خطے میں اکنامک زون بنائیں جائیں۔اجلاس میں پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 17 سے زائد افراد کی شہادت اور متعددکے زخمی ہونے پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی گئی اور اسے ضرب عضب آپریشن کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش قراردیتے ہوئے دہشت گردوں اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس موقع پر حکومت کی توجہ زائرین کے مسئلے کی جانب مبذول کرائی کہ کوئٹہ تفتان میں آمدورفت کے دوران زائرین کے ساتھ ناروا سلوک ‘ کوئٹہ اور تفتان میں کئی کئی روز تک روکنا‘ اور ان کی مناسب سیکورٹی کے حوالے سے ناکافی اقدامات باعث تشویش ہیں لہذا وفاقی اور بلوچستان حکومت زائرین کے مسئلے کے عارضی حل کی بجائے مستقل اور ٹھوس بنیادوں پر مسئلہ کا حل نکالے۔اجلاس میں گذشتہ ایام محرم اور ماہ صفر میں عزاداری میں حکومت کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے اور چادر چاردیواری میں مجالس کے انعقاد پر بے بنیاد ایف آئی آرز کا اندراج آئین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جو ناقابل برداشت ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداری کے حوالے سے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں اور بے بنیاد ایف آئی آرز کو فی الفور ختم کیا جائے۔اجلاس میں مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر‘ ممبر سیاسی سیل علامہ شبیر حسن میثمی‘ صوبائی صدر پنجاب علامہ سید سبطین سبزواری‘ جنرل سیکریٹری علامہ مشتاق ہمدانی‘ صوبائی صدر سندھ علامہ ناظرعباس تقوی‘صوبائی صدر کے پی کے علامہ حمید امامی‘ علاقائی صدر آزاد کشمیر علامہ صادق حسین نقوی‘ علاقائی صدر گلگت بلتستان علامہ آغا عباس رضوی‘ سینئر نائب صدر گلگت بلتستان علامہ شیخ مرزا علی‘ ڈویژنل صدر سکردو علامہ فدا حسن عبادی‘ اراکین گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی محمد علی حیدر‘ کیپٹن (ر) سکندر علی‘ کیپٹن (ر) محمد شفیع اور ریحانہ عبادی نے بھی شرکت کی۔