تازه خبریں

علاء الدین بروجردی: ہار ہی امریکہ کا مقدر ہوگی

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں یقینا ہار ہی امریکہ کا مقدر ہوگی۔جعفریہ پریس کی رپورٹ کے مطابق علاء الدین بروجردی نے بدھ کی رات ایران کے ٹی وی چینل دو کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے توسیع پسندی اور مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی کے درپے رہا ہے اور اگر اس نے کھیل بگاڑنے کی کوشش کی تو یقینا اسے ہار کا سامنا کرنا پڑے گا۔علاء الدین بروجردی نے امریکہ کو مشترکہ جامع ایکشن پلان کے سلسلے میں بدی کا مرکز قرار دیا اور کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ نے امریکہ کے قابل اعتماد نہ ہونے کی بنا پر یہ قانون منظور کیا ہےکہ اگر گروپ پانچ جمع ایک نے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کیا تو ایرانی حکومت دو برسوں کے دوران یورینیئم کی افزودگی ایک لاکھ نوے ہزار سو (SWU) تک بڑھانے کی پابند ہوگی۔اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ ایران کی پارلیمنٹ اپنے قومی مفادات کا پوری قوت کے ساتھ دفاع کرتی رہے گی، کہا کہ پارلیمنٹ نے پابندیوں اور ایرانی قوم پر روا رکھے جانے والے ظلم کے خاتمے کے پیش نظر مشترکہ جامع ایکشن پلان پر دستخط کرنے سے اتفاق کیا تھا لیکن امریکہ کی سازش کی وجہ سے غیر ملکی بینکوں کے ساتھ تعلقات کا معاملہ عملی طور پر حل نہ ہوسکا۔ یہ بینک امریکہ کی جانب سے عائد کئے جانے والے جرمانے کے سبب ایران کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے خوف محسوس کرتے ہیں۔علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ اگر امریکہ نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کو ختم کرنےکی کوشش کی تو اسے اس بات میں شک نہیں ہونا چاہئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کے سلسلے میں اپنےتمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گا۔