جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدرعلامہ محمد رمضان توقیر اورسردار شفقت خان بلوچ کی کوششو ں سے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ گاؤں فتح کے دو بلوچ خاندانوں میں قتل مقاتلے سمیت دیگر تنازعات پر مبنی بائیس سالہ دشمنی ختم کر ادی گئی۔
فتح میں بلوچ ہاؤس پر دو خاندانوں کے سربرا ہوں کو گلے ملوایا گیا ۔علاقہ کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔جاوید خان بلوچ و شریف خان بلوچ نے دشمنی ختم کرنے کا واضح اعلان کیا۔جاوید بلوچ نے علاقہ کی روایات کے مطابق شریف خان بلوچ سے معافی مانگی اور جرگہ کے سربراہوں کو روایتی لنگیاں پہنائیں گئی۔تفصیلات کے مطابق گاؤں فتح کے دو خاندانوں میں قتل مقاتلے سمیت دیگر تنازعات پر مبنی بائیس سالہ دشمنی چل رہی تھی۔جس میں ایک خاندان کی سربراہی شریف خان بلوچ کر رہے تھے ۔اور دوسرے کی سربراہی جاوید کان بلوچ کر رہے تھے ۔بلوچ خاندانوں میں بائیس سالہ دشمنی ختم کرانے کیلئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیراور سردار شفقت خان بلوچ نے بھر پور کردار ادا کیا ۔دونوں رہنماؤں کی مسلسل کوششوں کے بعدگزشتہ روز گاؤں فتح میں بلوچ ہاؤس میں عوامی جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں بلوچ قوم کے وڈیروں سمیت عوام کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدرعلامہ محمد رمضان توقیر دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے راضی نامہ سے دونوں فریقوں کوعوام کے سامنے آگاہ کیا۔ جس کو دونوں فریقوں نے تسلیم کر لیا ۔فیصلے کے مطابق جاوید خان بلوچ نے علاقائی رواج کے مطابق پوری برادری اور ایک عدد بیل کے ہمراہ بلوچ ہاؤ س میں آکر شریف خان بلوچ سے معافی طلب کی ۔جبکہ کہ ثالثین کی طرف سے جاوید خان بلوچ پر آٹھ لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا ۔جوکہ علامہ محمدرمضان توقیر کو جاوید خان نے پیش کیے۔
شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور مسلمان بھائیوں میں تنازعات ختم کرانا بڑی عبادت ہے ۔انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی سے مرحوم قومیں جہالت کا شکار ہو کرگھمبیر تنازعات کا شکار ہو جاتی ہیں ۔آپس میں پیار محبت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ علم کی روشنی سے نئی نسل کوتربیت دیں ۔ علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا کہ قرآن کریم بہترین انداز میں زندگی گزارنے کے اصول بتاتا ہے ۔اور مسلمان شریعت محمدی پر عمل کرکے تمام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔جرگہ کے اختتام پر علامہ محمد رمضان توقیر اور شفقت بلوچ اور دیگر افراد کو روایتی لنگیاں پہنائی گئیں۔
آخر میں شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدرعلامہ محمدرمضان توقیر نے ملک کی ترقی اور مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی ۔