پاکستان میں مکتب اہل بیت و تشیع کی اگر کوئی شخصیت ترجمانی کی صلاحیت رکھتی ہے تو وہ قائد محترم کی ذات ہے،
متحدہ مجلس عمل کے وجود سے پورے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخواہ میں اتحاد امت کو تقویت و فروغ اور تکفیریوں کی عبرت ناک شکست ہو گی.
اسلامی تحریک خیبر پختونخواہ کے رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا غلام مہدی حیدری صاحب کا دفتر قائد ملت جعفریہ قم میں نشست سے خطاب
قم المقدسہ، 26 اپریل 2018 بروز جمعرات، دفتر قائد ملت جعفریہ قم المقدسہ میں، اسلامی تحریک خیبر پختونخواہ کے صوبائی نائب صدر مولانا غلام مہدی حیدری صاحب کے اعزاز میں نشت کا اہتمام کیا گیا، مولانا حیدری صاحب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ کی مذہبی، سیاسی، امن و امان، دہشتگردی سمیت تمام تر صورتحال پر مفصل گفتگو کی.
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میرا تعلق ضلع ہنگو سے ہے اور خیبر پختونخواہ کے دوسرے علاقوں کی طرح ہنگو سخت حالات سے گزرا ہے، کیونکہ ایک طرف وزیرستان سے ملحقہ ہے، دوسری طرف اورکزئی ایجنسی سے اور نستبا مؤمنین کی کم تعداد کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے.
انہوں نے کہا تحریک پر پابندی، علاقے کی حساسیت، اور دہشتگردی کی لہر کی وجہ سے ہمارے تنظیمی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، بعض لوگوں کی خاموشی تو بعض کی مجبوریوں کی وجہ سے قومی پلیٹ فارم کا خاصہ نقصان ہوا، قیادت ہمیشہ میدان میں رہی اور ہے اور خیبر پختونخواہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا، اب الحمد للہ حالات مناسب اور لوگ قومی پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں، قومی پلیٹ فارم کو ہماری ضرورت نہیں بلکہ ہمیں قومی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے.
انہوں نے کہا قائد محترم 3 /4 دفعہ دورہ جات کر چکے ہیں جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے ان کا بھرپور استقبال کیا اور قائد محترم کے خطاب اور دورہ جات سے علاقہ میں بہت زیادہ تبدیلی اور اخوت، محبت کی فضاء قائم ہوئی، قائد محترم کے خطاب سے اہلسنت، جمیعت علمائے اسلام کے جید علماء نے متاثر ہو کر کہا یہ شخصیت اسلام اور مسلمانوں کیلئے عظیم تحفہ ہیں جن کے خطاب سے کہیں بھی تفرقہ کی بو تک نہیں آتی بلکہ ہمیشہ اسلام کا پیغام اتحاد و وحدت سننے کو ملتا ہے.
قبلہ غلام مہدی حیدری صاحب نے کہا قائد ملت جعفریہ کے تدبر و بصیرت کی کوئی مثال نہیں، کوئی مانے یا نہ مانے پاکستان میں مکتب اسلام و اہلبیت اور تشیع کی ترجمانی کی اگر کوئی صلاحیت رکھتے ہیں وہ قائد محترم کی ذات ہے.
قیادت ہمیشہ میدان میں ہے ہمیں بیدار ہونے کی ضرورت ہے، پاراچنار ہو یا باقی علاقے قیادت نے ہمیشہ ہر حوالے سے بھرپور تعاون کیا، قومی پلیٹ فارم کے پی کے میں روز بروز پیشرفت کر رہا ہے، ان شاء اللہ اپنی آب و تاب کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا.