شیعہ علماء کونسل پاکستان نے آرمی چیف کے دورہ پاراچنار کے نتیجے میں سانحہ پاراچنار کے بعد احتجاجی دھرنے کے مطالبات تسلیم کئے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے خوش آئند قرار دیا ہے تاہم وفاق کے تحت فاٹا کے علاقے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ پاراچنار میں معصوم اور بے گناہ عوام کے مسلسل قتل عام نے وہاں کے عوام میں شدید احساس عدم تحفظ اور محرومیاں جنم لے رہی تھیں تاہم ان کے ازالے ‘ ان کے دکھوں کے مداوے اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اصولی مطالبات کی منظوری انتہائی خوش آئند ہے۔ کرم ایجنسی پاراچنار اپنی جغرافیائی اہمیت کے اعتبار سے انتہائی حساس اور اہم ہے اور وہاں کے عوام نے ماضی میں بھی ہمیشہ وطن عزیز کی داخلی سلامتی اور استحکام کے لئے نہ صرف بے پناہ قربانیاں دیں بلکہ ارض پاک کے دفاع میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقبل میں شرپسندوں کی مکمل بیخ کنی اور بیرونی سازشوں کی روک تھام کے لئے مل جل کر کوششیں کی جائیں اور عوام کو جانی و مالی تحفظ فراہم کرتے ہوئے علاقے کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جائے۔