پاکستان کا بلا اشتعال فائرنگ سے چار بچوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج
پاکستان نے انیس نومبر کو کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعے میں چار بچوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ پاکستان نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا ۔ بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کوبتایا گیا کہ بھارت کی طرف سے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دوہزار تین کے فائر بندی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہے۔ حکومت نے بھارت کی طرف سے ایک سفارتی پرواز کو اجازت نہ دینے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ بیا ن کے مطابق بھارتی اقدام انیس سو اکانوے کے باہمی سمجھوتےکی خلاف ورزی ہے۔