پشاور( ) عشرۂ محرم الحرام میں نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد میں منعقد کی جانے والی مجالسِ عزاءاور جلوسہائے عزاداری کے پُر امن انعقاداور بہتریں انتظامی و حفاظتی اقدامات کے لیے شیعہ علماءکونسل ضلع پشاور نے ضلعی صدر اور ذاکر ِمحمد و آلِ ؑ محمد آخونزادہ مجاہد علی اکبر کی سربراہی میں محرم کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں ضلع پشاور کے علاقہ وائز امام بارگاہوں کے قائم کردہ زونز کے سربراہ، زعمائے قوم اور ایس یو سی پشاور کے عہدیدار شامل ہیں۔ محرم کمیٹی ایام عزاءمیں مراسم عزاداری کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ باہمی روابط کے ذریعے سیکیورٹی پلان و دیگر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔
اس اَمر کا اعلان شیعہ علماءکونسل ضلع پشاور کی جانب سے قدیمی امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی میں منعقدہ ایک اہم قومی اجلاس میں کیا گیا جسکی صدارت ضلعی صدر آخونزادہ مجاہد علی اکبر نے کی جبکہ اجلاس کے مہمانانِ خصوصی شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، مدرسہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کے سینئر مدرس علامہ احسان اللہ اور خطیب امامیہ مسجد محمد داد آسیہ علامہ سید ذکی الحسن تھے۔ اجلاس میں علماءکرام اور ذاکرینِ عظام کے علاوہ زُعمائے قوم ‘ بانیانِ مجالس و جلوسہائے عزاءاور امام بارگاہوں کے متوالیان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مقررین نے اتحاد ِبین المسلمین کی فضاءکے لیے احسن کردار کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے فلسفۂ کربلا کی اصل روح کو اُجاگر کرنے پر زور دیا اور انتہاءپسندی کے رویوں کی سختی سے نفی کرتے ہوئےعشرۂ محرم الحرام میں مذہبی جوش و جذبے اورباہمی یگانگت کے ذریعے دُشمنانِ اسلام و پاکستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر اتفاق ظاہر کیا۔ عشرۂ محرم کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے محرم کمیٹی کے اراکین کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ محرم الحرام کے پُر تقدس شب و روز میں مجالس و جلوسوں کے سلسلے میں پیش آنے والے مسائل کو احسن طریقے حل کیا جائے تا کہ سالہا سال سے قائم عزادارئ سید الشہداءؑ کے پراگرامات کا انعقاد پُر امن طریقے سے عمل پذیر ہو سکے۔ کمیٹی کے اراکین و ممبران کے ہمہ وقت رابطے کے لیے ان کے ناموں کے ساتھ ساتھ علاقوں اور رابطہ نمبرات پر مشتمل فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے جس کی مدد سے شہر بھر میں ہونے والی عزاداری کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اورکہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آنے کی صورت میں ذمہ داران کو ضروری لائحۂ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔