قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خاں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں چار افراد کی شہادت پرتین یوم کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں آج بھی دہشت گرد و ٹارگٹ کلرز سرعام دندناتے پھر رہے ہیں،قانون کی حکمرانی نظر آتی ہے نہ حکومتی رٹ ، ایسا لگتا ہے کہ ریاست عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے ، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک حقیقی امن کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا، ڈیرہ اسماعیل خان میں وکلاء اور اساتذہ کی ٹارگٹ کلنگ نیشنل ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہیں؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں سید علی مرتجزایڈووکیٹ، سید عاطف ایڈووکیٹ، اختر عباس پرنسپل ہائی سکول ، مختار حسین گشکوری کی ٹارگٹ کلنگ کے پے درپے واقعات میں شہادتوں پر اپنے بیان میں کیا۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک بھر میں پروفیسرز، وکلاء ، ڈاکٹرز ، ججز اور سرکاری افیسرز کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایسا لگتاہے کہ دہشت گردوں کے سامنے قانوں نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں، کچھ عرصہ تک دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا یہ جن قابو میں آیا لیکن اب ایک مرتبہ پھر دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کے واقعات شروع ہوگئے ہیں، حالیہ واقعہ سے ایسا محسوس ہوتاہے کہ کے پی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔نیشنل ایکشن پلان دہشت گردی کے خلاف مرتب کیاگیا تھا لیکن ذمہ داران بتائیں کہ اس پر کہاں تک عملدرآمد ہوا، ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا قانون نافذ کرنے اور امن و امان قائم رکھنے کے ذمہ دار اداروں کو دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے مخلصانہ کوششیں کرنا ہونگی انہوں نے کہاکہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلا تفریق تمام مجبوریوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو کمزور کرنے والے بے گناہ عوام کے قاتلوں اور دہشتگردوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور انہیں سخت سزا دی جائے ، اس موقع پر انہوں نے شہید ہونیوالے وکلاء، پرنسپل اورٹیچر کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں میں برابر کے شریک ہیں، شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ شہدا کی گراں قدر خدمات ہیں جن کو ہمیشہ یار رکھا ئے گا